ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / گنگولی میں گائے کے نام پر دلت خاندان پر حملہ کرنے والے 12 میں سے 11 حملہ آوروں کی عدالت میں خودسپردگی؛ پھر ضمانت پر رہائی

گنگولی میں گائے کے نام پر دلت خاندان پر حملہ کرنے والے 12 میں سے 11 حملہ آوروں کی عدالت میں خودسپردگی؛ پھر ضمانت پر رہائی

Tue, 02 May 2017 20:11:56    S.O. News Service

اُڈپی:2/مئی (ایس اؤنیوز) کنداپور تعلقہ موواڑی دیہات کے گاندمکی کورگا کالونی میں گائے کو ذبح کرنے کا الزام عائد کرکے کورگا طبقہ کے نوجوانوں پر حملہ کرنے اور گرام پنچایت ممبر شکنتلا کی ہتک ذات کرکے جان سے مارنے اور اُس کی لڑکیوں کے ساتھ ریپ کرنے کی دھمکی دینے والے 12 میں سے 11ملزمان نے آج  اُڈپی سیشن کورٹ میں اپنے آپ کو خود سپرد کیا، جس کے بعدعدالت نے تمام 11 ملزموں کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا۔

ذرائع سے ملی اطلاع کے  مطابق معاملے میں فرار بتائے گئے ملزمان سنیل پجاری، چندرکانت پجاری، گروراج آچاریہ ، دھیرج ونئیے، ستیش ، لکشمی کانت ، شری کانت، پرسنا ، بھرت، شرتھ آج سیدھے  اُڈپی ضلعی عدالت پہنچ کر اپنے آپ کو سرنڈر کردیا۔ جس کے بعد عدالت کے منصف وینکٹیش نائک نے سبھوں کی ضمانت منظور کی۔

خیال رہے کہ پنچایت ممبر شکنتلا نے بتایا تھا کہ 25اپریل کی دیر رات قریب پچاس لوگوں کے ایک گروپ نے اُن کی پارٹی ہال میں اُس وقت گھس کر ہنگامہ مچایا تھا جب اُن کے ہاں منگنی کی رسم منعقد تھی۔ انہوں نے الزام لگایا تھا کہ بجرنگ دل کارکنوں نے  ہال میں موجود لڑکوں کی بہت بری طرح پیٹائی کی اور گائے کا گوشت کھانے پر جان سے مارنے کی دھمکی دینے کے ساتھ ساتھ گھر پر موجود جوان لڑکیوں کا ریپ کرنے اور علاقہ میں موجود سبھی آٹھ مکانوں کو جلاکر خاک کرنے کی دھمکی دی تھی۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ سبھی بجرنگی پولس کے ساتھ وہاں پہنچے تھے اور پولس کی موجودگی میں ہی سب کچھ ہنگامہ ہوا تھا اوربعد میں پولس نے خود ان کے ہی لڑکوں کو گرفتار کرکے جیل میں بند کردیا تھا۔بعد میں حملہ اوروں کے خلاف شکنتلا نے کیس درج کیا تھا  جس کے تحت  تمام ملزمین کے خلاف گنگولی پولس تھانے میں دفعہ 143،147،148،448،323،506،324کے ساتھ 149آئی پی سی ، ایس سی ، ایس ٹی قانون کے مطابق کیس درج کرلیا گیا تھا۔ مگر مبینہ ملزمین  ڈائرکٹ عدالت میں حاضر ہوکر کچھ ہی گھنٹوں میں ضمانت پر باہر آگئے۔


Share: